• news

لورالائی، کالعدم طالبان کے اہم کمانڈر، 2 خودکش بمباروں سمیت 4 ہلاک

کوئٹہ (این این آئی، صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر 4ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد سنجاوی میں لیویز اہلکاروں کے قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کی صبح سکیورٹی فورسز نے لورالائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا تو ایک کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 2خود کش حملہ آوروں سمیت 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان لورالائی کا اہم رہنما اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، خود کش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور 20مارچ کو سنجاوی میں لیویز چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید کئے جانے والے لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈ اور سروس کارڈ برآمد کرلئے گئے۔ جبکہ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے 4اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں نے سنجاوی میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ دریں اثناء کوئٹہ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹ جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی کے سپریٹنڈنٹ حسین شاہ گھر سے دفتر جار رہے تھے کہ کوئٹہ کے علاقے دکانی بابا پل کے قریب ان کی گاڑی پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹ حسین شاہ جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن