• news

مہمند ڈیم کی تعمیر: چینی کمپنی اور ڈیسکون کو کنٹریکٹ دے دیا گیا

لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خصوصی نمائندہ) واپڈا نے کئی عشروں سے تاخیر کے شکار مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے سول اور الیکٹرومکینیکل ورکس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا۔ کنٹریکٹ دو تعمیراتی کمپنیوں پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔ چائنا گزوبہ گروپ آف کمپنیز جوائنٹ ونچر کی مرکزی فرم (Lead Firm) ہے جبکہ پاکستانی فرم ڈیسکون شراکت دار (Partner)ہے۔ ایوارڈ کئے گئے حتمی کنٹریکٹ کی مالیت 183 ارب 52کروڑ 30لاکھ روپے ہے، جس کے نتیجے میں پی سی ون کے مقابلے میں 18ارب روپے کی بچت ہوئی۔ مہمند ڈیم کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کی تقریب واپڈا ہائوس میں ہوئی۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور اعلیٰ حکام تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ واپڈا کی کوشش ہوگی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ملک میں پانی اور بجلی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہمند ڈیم سے ہماری اقتصادی صورت حال مستحکم ہو گی، لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے پراجیکٹ پانچ سال اور آٹھ ماہ میں مکمل ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن