جعلی اکاؤنٹس کیس، قائم علی شاہ کی دادو شوگر ملز میں بھی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بنک اکائونٹس کیس میں قائم علی شاہ کی دادو شوگر مل میں بھی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ منگل کو کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی دادو شوگر مل میں آٹھ اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ قائم علی شاہ کی ضمانت دس لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی قبل ازیں درخواست میں کہاگیا کہ نیب کے سامنے شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں مگر پیش ہونے پر گرفتاری اور تضحیک کیے جانے کا خدشہ ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔