بلاول بھٹو کو ٹرین پر لانا چاہتا تھا لے آیا: شیخ رشید
راولپنڈی (صباح نیوز+ این این آئی) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹرین پر لے آئے ہیں،سب اللہ کی پکڑ میں ہیں کوئی پتہ نہیں کس کی عید جیل میں گزرے گی۔راولپنڈی میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی سپریم کورٹ میں ضمانت پر عدالت اور قانون جو بھی فیصلہ کرے گا ٹھیک ہوگا۔پی پی پی کے ٹرین مارچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بلاول کو ٹرین پر لانا چاہتا تھا لے آیا ہوں، چند سو افراد ٹرین پرلانے سے بلاول کو کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا ہے، یہ سب اللہ کی پکڑ میں ہیں کوئی پتہ نہیں کس کی عید جیل میں گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے کرتوتوں کی وجہ سے نیب جا رہے ہیں ،ملکی خزانے کو لوٹا ہے ، شاہد خاقان بیرون ممالک انٹر نیشنل کمپنیوں سے جواب لکھوا کرلارہا، ان کے خلاف ایل این جی میں ثبوت نیب کو دے دیئے، اب نیب نے فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ٹرین پر چند سو لوگوں کو بلوا کر بلاول سمجھتے ہیں قومی ہیرو ہیں‘ بلاول کرپشن کے حق میں نکل رہے ہیں۔ یہ ان کی سیاسی چتا جلا دیگا۔ انہوںنے کہاکہ طاہر القادری نے بھی کہا ہے کہ میں نے اﷲ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خاندانوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے۔