سندھ میں ایک اور ہندو لڑکی مبینہ اغوائ، باپ کا مدعیت میں مقدمہ درج
بدین (صباح نیوز) بدین کے گائوں جام پتافی سے 14 سالہ ہندو لڑکی مالا کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ۔لڑکی کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ مالا کو 16 مارچ کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا ، ملزمان جبری طور پر اس کا مذہب تبدیل کرا سکتے ہیں۔مالا کے والد نے پنگریو تھانے میں درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 16 مارچ کو عمر کوٹ کے علاقے پتھورو کے رہائشی غلام حیدر تھہیم نے اس کی بیٹی مالا کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔پولیس نے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے 17 مارچ کو اسلام قبول کر کے سانگھڑ کی عدالت میں غلام حیدر تھہیم سے شادی کرلی اور دونوں کا نکاح نامہ اور عدالتی بیان بھی سامنے آچکا ہے۔26 مارچ کو مقدمہ درج کرایا گیا اس لیے اب مالا کو بازیاب کرکے بیان کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔