مودی کی انتخابی چال، میزائل سے سیٹلائٹ تباہ کرنے، چوتھی خلائی طاقت بننے کا بھونڈا دعویٰ
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابات سے قبل سپیس ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کرنے کا دعوی کرتے ہوئے قوم سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے ’’اینٹی سٹیلائٹ میزائل‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بیان براہ راست سرکاری و نجی ٹی ویز، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر نشر کیا گیا۔ نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ’’مشن شاکتی‘‘ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا جس کے تحت میزائل کے ذریعے خلا میں نچلی سطح پر گردش کرنے والے سیٹلائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جس پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ مدار میں کس سیٹلائٹ یا کس ملک کے سیٹلائٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ا نہوں نے کہا کہ ’’شکتی مشن‘‘ کو مکمل کرنے کے لیے بھارت نے عالمی قوانین یا معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا، روس اور چین کے بعد بھارت چوتھا ملک ہے جس نے میزائل کے ذریعے سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی۔ سوشل میڈیا پر مودی کو تنقید کا سامنا ہے۔