حکومت سے تعاون جاری رہے گا‘ فوری انصاف فراہمی مشن ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نیت اور سوچ اچھی ہو، جیسے عمران خان کی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے۔ عوام کی خدمت کو ہمیشہ عبادت سمجھا ہے۔وزارت اعلیٰ کے دورمیں ہم نے ادویات فری کیں۔ میٹرک تک تعلیم فری کی۔ بچوں میں کتابیں اور یونیفام فری تقسیم کئے۔ ہماری شروع کی ہوئی ا یمرجنسی ریسکیو 1122 سروس ، سات منٹ میں مدد کے لیے پہنچتی ہے۔ اب تک 16بل پاس کر کے پنجاب اسمبلی نے ملک کی تمام اسمبلیوں سے زیادہ قانون سازی کی ہے۔ ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ نوجوان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد بلال محبوب کی سربراہی میں آئے ہوئے پلڈیٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام(ف) ، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے نوجوان سیاسی کارکن شامل تھے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی ، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک ، رضوان ممتازعلی میڈیا ایڈوائزر پاکستان مسلم لیگ اور سید شاکر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے وزارت اعلیٰ کے دور میں نابینا افراد کے لیے لاہور اور بہاولپور میں 2کالج بنوائے۔ انہوں نے اپنی سیاسست کا آغاز لوکل باڈیز سے کیا۔ پی ٹی آئی اور ہماری کولیشن گورنمنٹ ہے۔ ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔ جنوبی پنجاب کے عوام مجھ سے خوش تھے اس لیے اس دور میں کبھی الگ صوبے کا مطالبہ نہ کیا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی سے سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور بھی زیرغور آئے۔ پنجاب اسمبلی کے مختلف معاملات پر بھی بات چیت کی۔ چودھری ظہیر الدین اور شعیب صدیقی ایم پی اے بھی موجود تھے۔