نیب کی کسی بھی ملزم کی بغیر پیشگی اطلاع گرفتار کر سکتا ہے: سپریم کو رٹ
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر) نیب پیشگی اطلاع کے بغیر ملزم کو گرفتار کر سکتی ہے۔ سپریم کورٹ نے نیب کے گرفتاری کے اختیار کی تشریح کردی۔ عدالتی حکم میں امید ظاہر کی ہے کہ نیب اپنے اختیارات کا غلط استعما ل نہیں کرے گی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ملزم جلیل ارشد کی گرفتاری سے متعلق کیس کا حکمنامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے ملزم جلیل ارشد کی گرفتاری کے حوالے سے بڑا واضح موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب کا ملزم کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم ہائیکورٹ کی جانب سے گرفتار ی سے متعلق جو آبزرویشن دی گئی ہے اس کو ختم کیا جائے۔ سپریم کورٹ کا اپنے حکم میں کہنا ہے کہ نیب آرڈیننس کا بغور جائزہ لیا ہے جس میں ایسی کوئی پابندی نہیں کہ ملزم کی گرفتاری سے پہلے اس کو اطلاع دی جائے، نیب کے پاس اگر ٹھوس شواہد ہیں تو نیب ملزم کو پیشگی اطلاع کے بغیر گرفتار کرسکتی ہے۔ حکمنامہ جسٹس عظمت سعید نے تحریر کیا ہے۔ واضح رہے ملزم جلیل ارشد نے نیب کی جانب ضمانت قبل از گرفتار ی کیلئے درخواست دائر کی تھی جس میں ہائیکورٹ نے ہدایت کی تھی کہ ملزم جلیل ارشد کو بغیر اطلاع گرفتار نہ کیا جائے۔ ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔