• news

اسماء تشدد کیس: میاں بیوی آئس نشے کے عادی نکلے

لاہور (نامہ نگار)کاہنہ کے علاقے میں خاتون اسماء پر تشدد کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس تفتیش میں میاں بیوی آئس نشے کے عادی نکلے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر میاں فیصل کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس رہبر کی رہائشی اسماء نے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے شوہر میاں فیصل نے اپنے دوستوں کے سامنے رقص نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی سر کے بال مونڈھ دیئے تھے جس پرکاہنہ پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے میاں فیصل اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ وہ اور اس کی بیوی اسماء دونوں آئس کا نشہ کرتے ہیں ، وقوعہ کی رات میں نے اور میری بیوی نے آئس کا نشہ کیا اور نشے کی زیادتی کے باعث ہوش کھو بیٹھے، نشے میں مجھے نہیں یاد کہ کب میں نے اسماء کے بال کاٹے اور تشدد کیا۔ میرا اور اسماء کا نجی معاملات پر اکثر جھگڑا رہتا تھا، فیصل کا کہنا تھا کہ اسماء کی میرے ساتھ تیسری شادی ہے۔ پہلے شوہر سے اسماء کے دو بچے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ اسما میری مرضی کے خلاف نوکری کرتی تھی۔ میںاس کو غیر مردوں سے ملنے سے روکتا تھا۔ دریں اثناء جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فیصل اور اس کے دوست کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تھانہ کاہنہ پولیس نے میاں فیصل اور اس کے دوست راشد علی کو ماڈل ٹائون کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد ضیاء کے رو برو پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے دونوں ملزموں کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر تے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن