کپتان‘ مڈل آرڈر کی غیر ذمہ درانہ بیٹنگ ‘پاکستان آسٹریلیا سے چوتھا ون ڈے بھی ہار گیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آسکیں، آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو 6رنز سے شکست دے کر سیریز میں چار۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کی شروعات ڈرامائی انداز میں ہوئی اور اوپنر شان مسعود بغیر کو رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔کیر یئرکا پہلا ون ڈے کھیلنے والے عابد علی نے حارث سہیل کیساتھ مل سکور 74 رنز تک پہنچادیا، حارث سہیل 25رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور عابد علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز بناکر جیت کی امید پیدا کی۔عابد علی نے 118 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی جو کسی بھی پاکستان کی ڈیبیو میچ میں تیسری سنچری ہے۔د عمر اکمل نو گیندوں پر 7اورسعد علی بارہ گیندوںپر 7رنز بناسکے۔ محمد رضوان نے اپنی سنچری مکمل کی، حالیہ سیریز میں یہ ان کی دوسری سنچری ہے۔کپتان عماد وسیم پانچ گیندوں پرصرف ایک رن بناسکے، محمد رضوان 104 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔گرین شرٹس 8 وکٹوں پر 271 رنز بناسکی۔ کولٹر نائیل نے تین، سٹوئنس نے دو جبکہ رچرڈسن، لیون اور زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلیا سات وکٹوں پر 277رنزبنائے۔فنچ اور عثمان خواجہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے، فنچ 39رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔شان مارش 5 ، ہینڈز 7 رنز پر پویلین لوٹے ۔سٹوئنس 2 رنز پر کلین بولڈہوئے، عثمان خواجہ 62 رنز بناسکے۔گلین میکسویل اور کیرے نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز بناکر پوزیشن مستحکم کردی۔میکسویل نے 98 رنز بنائے۔کیرے 55 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔میکس ویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔