اثاثہ جات کیس: نیب نے لیگی رہنما خواجہ آصف کو پرسوں طلب کر لیا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نیب راولپنڈی نے اثاثہ جات کیس میں سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو پرسوں یکم اپریل کو طلب کر لیا۔ نیب راولپنڈی نے لیگی رہنما سے اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کی طلبی کا سمن جاری کر دیا۔ نیب نے ہدایت کی ہے کہ خواجہ آصف اکائونٹس کی تفصیلات بھی ہمراہ لائیں۔ خواجہ آصف بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔ یاد رہے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے نیب کو خواجہ آصف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے خط لکھا گیا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف 2013ء سے اہم ترین وزارتوں پر فائز چلے آرہے ہیں۔ ان کی منی لانڈرنگ اور مالی بدعنوانیوں کے واضح اور دستاویزی ثبوت منظرعام پر ہیں جبکہ غیرملکی بنکوں کے ذریعے کروڑوں روپے کے بے نامی منتقلی کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے بیرون ملک اثاثوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی جس کیلئے انہوں نے اپنی اہلیہ کے غیرملکی اکائونٹس بھی استعمال کئے۔