وفاقی کابینہ میں توسیع، اعجاز شاہ کو پارلیمانی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا
اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی حکومت نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اعجاز شاہ کو پارلیمانی امور کا وفاقی وزیر مقرر کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی جسے وزیراعظم نے منظوری کیلئے صدر مملکت عارف علوی کو بھیج دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنائے جانے کی تصدیق اپنی ٹوئٹ کے ذریعے کی۔ فواد چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سفارش پر صدر مملکت نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ 2004ء سے 2008ء تک انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ رہے۔