• news

کھیوڑہ: سیمنٹ فیکٹری میں کام کرنیوالے 2 مزدور زہریلی گیس سے ہلاک

کھیوڑہ (نامہ نگار) کلرکہار میں واقع سیمنٹ فیکٹری میں کام کرنے والے دو مزدور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث گٹر میں گر گئے اور زہریلی گیس کے باعث ہلاک ہو گئے۔ فیکٹری انتظامیہ نے لواحقین کو اطلاع بھی نہ دی۔ تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ شہر کے رہائشی جوزف جارج اور راجن پرکاش کئی سالوں سے سیمنٹ فیکٹری کلرکہار میں محنت مزدوری کرتے تھے۔ گزشتہ روز انتظامیہ کے حکم پر بغیر سیفٹی انتظامات کے دونوں محنت کش گٹر کی صفائی کرنے کے لیے گئے۔ گڑھے میں زہریلی گیس کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث جوزف گڑھے میں گر گیا جس کو بچانے کی اس کے ساتھی راجن نے کوشش کی لیکن وہ بھی گرگیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں مزدور کافی دیر تک گڑھے میں موت و حیات کی کشمکش میں رہے۔ فیکٹری انتظامیہ نے غلطی اور نااہلی چھپانے کے لیے لاشوں کو ٹی ایچ کیو کلر کہار کی بجائے ٹی ایچ کیو چوآسیدن شاہ منتقل کر دیا جب لواحقین ہسپتال پہنچے تو انتظامیہ نے انہیں ڈرایا دھمکایا کہ معاملے کو ختم کر دو۔ متاثرہ لواحقین کو تسلی دینے کی بجائے غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا گیا جس پر تھانہ چوآسیدن شاہ پولیس نے جانچ پڑتال کرنے کے بعد فیکٹری کے جنر ل منیجر سمیت اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔ واضح رہے کہ سیمنٹ فیکٹری میں سیفٹی اورچیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث پہلے بھی متعدد حادثات ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن