پارک لین کمپنی کیس، نیب کے سوالنامے پر آصف زرداری نے جواب تیار کر لیا
اسلام آباد (آئی این پی ) پارک لین کمپنی کیس میں نیب کے سوالنامے پر آصف زرداری نے جواب تیار کرلیا، جواب آئندہ ہفتے جمع کرایا جائے گا۔آصف زرداری نے نیب کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنے جواب میں کہا کہ قانون کے تحت نجی کمپنی کے معاملات پر نیب کارروائی نہیں کرسکتا، پارتھینون کمپنی کو نیشنل بینک کے ڈیڑھ ارب روپے قرض کا علم نہیں، پارک لین کمپنی 1989 میں صدرالدین ہاشوانی سے خریدی، کم عمر بلاول، اقبال میمن، رحمت اللہ، محمد یونس، الطاف حسین شراکت دار تھے۔سابق صدر نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ پارک لین کمپنی میں صرف 25 فیصد حصص کا مالک تھا، صدر بننے سے پہلے یکم ستمبر 2008 کو کمپنی ڈائریکٹرشپ سے مستعفی ہوگیا، میرا اور بلاول بھٹو کا پارتھینون کمپنی سے کوئی تعلق نہیں، پارک لین کمپنی میں ایک چھوٹا شراکت دار ہوں، نجی کمپنی سے متعلق نیب کا سوالنامہ اختیارات سے تجاوز ہے۔