• news

گوادر ائرپورٹ، سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کا سنگ بنیاد، فرسودہ نظام بدلیں گے: عمران

کوئٹہ، کراچی، لاہور (امجد عزیز بھٹی سے، نوائے وقت نیوز، ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں سی پیک کے مغربی روٹ کو پہلے بنانا چاہئے تھا۔ سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے، مفادات کیلئے صوبے کو نظرانداز کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ ژوب روٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تقاریر سب کرتے ہیں، دل سے کہی بات کا اثر ہوتا ہے، ملک میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دل میں عوام کا درد ہے۔ انہوں نے کہا ملک تباہی کی طرف جا رہا تھا۔ پاکستان کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے۔ ملک مقروض ہونے سے بنیادی سہولتوں کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم قرض اتارنے کیلئے کثیر رقم ادا کر رہے تھے۔ ممالک کو مقروض بنا کر تباہ کردیا جاتا ہے، جب ایلیٹ کیلئے ملک بن جاتا ہے تو شہری نظرانداز ہو جاتے ہیں۔ سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پہلی بار سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کا سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔ ہم سے جو بلوچستان کے لیے ہو سکا کریں گے۔ انہوں نے کہا بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لیے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا۔ سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے۔ ملک کی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ماضی میں جو قرضے لئے گئے، اسکے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں۔ ماضی میں حکمرانوں نے ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہو گئے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں صحت کی سہولیات کے لیے فوج اور صوبائی حکومت مل کر کینسر ہسپتال بنائے گی۔ تقریب میں گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ماضی میں سی پیک سے متعلق بلوچستان کے لوگوں کو خدشات تھے۔ یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لوگوں سے جو وعدے کئے گئے‘ وہ پورے نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ آج سی پیک کے مغربی روٹ پر حقیقی معنوں میں کام شروع ہوا۔ یقین ہے کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ جام کمال نے مزید کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا افتتاح طبی مسائل کے حل کیلئے اہم ہے۔ وزیراعظم بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دی گئی۔ بلوچستان کی حکومت نے صحیح سمت کا تعین کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پرانا پاکستان ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتا تھا،فرسودہ نظام بدلیں گے، حکومت اگلا الیکشن جیتنے کیلئے فیتے کاٹنے کی بجائے ملک کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کررہے جو صرف الیکشن میں ووٹ لینے کیلئے ہو۔ قبل ازیں کوئٹہ کینٹ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے جوائنٹ وینچر کے تحت میگا پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ کارڈیک سینٹر‘ کوئٹہ ژوب این 50 موٹروے منصوبوں میں شامل ہیں۔ کوئٹہ ژوب موٹروے سے سماجی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ کوئٹہ سے ڈی آئی خان کا سفر 12 گھنٹے سے کم ہوکر 4 گھنٹے ہو جائے گا۔ شاہراہ کی تعمیر سے مقامی تاجروں کو مرکزی منڈیوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔ این 50 کی تعمیر سے خیبر پختونخوا کی اجناس جلدی کراچی پورٹ تک پہنچ سکیں گی۔ این 50 موٹروے مغربی سرحد کے متوازی علاقائی راہداری ہوگی۔ اس شاہراہ کے ذریعے افغانستان اور ایران کو پاکستان سے ملایا جائے گا۔ کارڈیک سینٹر کوئٹہ میں عوام کو جدید سہولیات میسر ہونگی۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت کوئٹہ میں ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ مزیدبرآں وزیراعظم نے نیو گوادر اور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا ،گوادر کو بجلی کی نیشنل گرڈ سے جوڑا جائیگا،مقامی لوگوں کو فائدہ دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں، گوادر میں ڈی سیلی نیشن پلانٹ لگانے کی تیاری کر رہے ہیں ،پانی کی ری سائیکلنگ کیلئے بھی پلانٹ لگائیں گے، کراچی میں کچرا دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے ،دنیا میں ریلویز بڑھ رہی ہیں ،ہمارے ملک میں بدقسمتی سے کم ہوئی ہیں، ریلوے ٹیکنالوجی میں بہتری کیلئے چین سے بھر پور مدد لے رہے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپریل میں چین کا دورہ کرونگا،ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سے بھر پور مدد لے رہے ہیں ،گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بنائیں گے۔ گوادر اور کراچی کے درمیان فیری سروس بھی شروع کی جائیگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقامی لوگوں کو فائدہ دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ گوادر سے کوئٹہ ٹرین سروس شروع کریں گے، وزیر ریلوے شیخ رشید منصوبے کے لیے گوادر آئے ہیں گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے، یہاں کے ماہی گیروں کیلئے خصوصی گرانٹس رکھی گئی ہیں۔ بعدازاں وزیراعظم کراچی پہنچ گئے جہاں گورنر سندھ نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں ایم کیو ایم کے وفد اورگورنر سندھ عمران اسماعیل نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول ، عامر خان، نسرین جلیل، کنور نوید، فیصل سبزواری اور وسیم اختر شامل تھے۔ رپورٹس کے مطابق ملاقات میں حکومت و اتحادیوں کے تعلقات کار، سندھ کے سیاسی حالات اور ترقیاتی منصوبوںپر تبادلہ خیال کیا گیا ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں بہت مشکل معاشی حالت ورثے میں ملی مگر اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں ،حکومت وفاق کی طرف سے سندھ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کااظہاروزیر اعظم نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے تحریک انصاف کے سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کے اعزازمیں گورنرہاس میں دیے گئے عشائیے میں اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، چند ماہ میں تبدیلی نظرآئے گی،مضبوط معیشت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے، ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، آئندہ چند ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئے گی۔ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے۔ عمران خان گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان سے الگ ملاقات میں اپنی صوبائی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کریں گے اور بعض صوبائی وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم سے منظوری حاصل کریں گے۔ سہ پہر 3 بجے وزیر اعظم لاہور ریلوے سٹیشن پہنچیں گے جہاں عمران خان لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی جناح ایکسپریس مسافر ٹرین کا افتتاح کریں گے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم نے کراچی ترقیاتی پیکیج کو 102 ارب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ اور کورنگی میں یونیورسٹی بنانے کی تجویز وزیراعظم نے مان لی۔ ملاقات میں رمضان گھانچی اپنا معاملہ بتاتے ہوئے رو پڑے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ معاملہ خود دیکھیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی اور قومی اسمبلی اراکین فون اٹھانے کے پابند ہوں گے وزیراعظم نے تمام اراکین کو گھوٹکی جلسہ میں شرکت کی ہدایت کی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی نے کراچی پیکیج وزیراعظم کو پیش کر دیا۔ گرین لائن بس منصوبہ فعال کرنے کیلئے آٹھ ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کراچی کا نیا ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ماسٹر پلان کو 2047ء کا نام دیا گیا ہے کراچی کے ٹرانسپورٹرز کیلئے نئی ٹرانسپورٹ سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ ہوا ہے سکیم کے تحت ٹرانسپورٹرز بنک سے آسان قرضے حاصل کر سکیں گے 500 ٹرانسپورٹرز کو 500 نئی بسیں خریدنے کیلئے قرضہ دیا جائیگا قرضے کی مدت 6 سال ہوگی قرض پر سود وفاق ادا کرے گا لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ٹریک کو بہتر بنانے کیلئے دو ارب روپے کا خصوصی فنڈ جاری کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن