آسٹریا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بگڑتے حالات کے تناظر میں آواز اٹھائے: پاکستان
اسلام آباد / ویانا (این این آئی) پاکستان نے آسٹریا کو توانائی، اطلاعات ،مواصلاتی ٹیکنالوجی، تیل وگیس، پانی، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے، سیاحت وزراعت کے شعبوں میں سازگار حکومتی پالیسیوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بگڑتے ہوئے حالات کے تناظر میں عالمی سطح پر آواز اٹھانے پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کاچوتھا دور جمعہ کو ویانا میں منعقد ہوا۔ فریقین نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کاجائزہ لیا اور سیاسی، معاشی ،تجارتی ،سرمایہ کاری ،تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون کے پہلوئوں کی نشاندہی کی۔مذاکرات میں یورپ کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ وفاقی وزارت آف یورپ کے ایشیائی ڈویژن اور جمہوریہ آسٹریا کی خارجہ امور کی سربراہ نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے جمہوریت کے استحکام اور انسانی حقوق کی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی گئی پیشرفت ، اس کی ابھرتی ہوئی معیشت اور مستقبل میں ترقی کے امکانات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے آسٹریا کی کمپنیوں کوخصوصاً توانائی ،اطلاعات ،مواصلاتی ٹیکنالوجی، تیل و گیس، پانی، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے، سیاحت اورزراعت کے شعبوں میں پاکستان کی سازگار پالیسیوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔