مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں معیشت مضبوط اور روپے کی قدر بڑھی: حمزہ شہباز
لاہور(نیوز رپورٹر)حمزہ شہباز کی معروف صحافی سینئر اینکر پرسن جاوید چوہدری کے والد چوہدری محمد خان مرحوم کے انتقال پر اظہار تعزیت اور رسم قل میں شرکت کے لئے ان کی رہائش گاہ لالہ موسی آمد، حمزہ شہباز نے مرحوم کے انتقال پر لواحقین سے افسوس کا اظہارکیا۔ بعد ازاں میڈیا کے استفسار پر ان کے سوالوں کے جواب دئیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، چوہدری جعفر اقبال سابق ایم این اے، نوابزادہ طاہر الملک، چوہدری مبشر بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میاں نواز شریف بھی پاکستان کی عوام خاص طور پر لاہور کی عوام سے بڑی محبت کرتے ہیں، لیکن میاں نواز شریف کی بیماری کا جعلی حکمرانوں نے نہ صرف مذاق اڑایا بلکہ ان کی تضحیک بھی کی، وہ اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر پاکستان آئے، یہ وقت کسی پر بھی آسکتا ہے، پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنانے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں داخل کرنے، دہشتگردی ختم کرنے، پرامن پاکستان اور خاص طور پر کراچی کے امن کو بحال کرنے اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کی سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جو قرضے لئے گئے ان کو ہر ممکن حد تک ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا گیا اور معیشت کے جام پہیے کو تقویت دی۔ پہلی مرتبہ ایسا ہوا کی آئی ایم ایف سے وصول شدہ پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا، قرضہ واپس ادا کیاگیا اور ڈالر کی قیمت کو مستحکم رکھا اور روپے کی قدر کو بڑھایا۔ موجودہ حکومت نے 238ارب میں سے صرف 88ارب روپے خرچ کئے ہیں، صرف مخالفین کو چور اور ڈاکو کہنے سے بات نہیں بنے گی کام کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے منصوبے کی مد میں اورنج لائن کا تحفہ پنجاب کی عوام کو دیا جس کا اقرار آج سپریم کورٹ کے سابقہ چیف جسٹس بھی کرگئے۔ تین میٹرو بس کے منصوبے مکمل کرکے عوام کو بہترین سفری سہولیات مہیا کیں جن کا تخمینہ آج کی پشاور کی ایک میٹرو بس جو کہ 100ارب سے تجاوز کر چکی ہے اور مکمل ہونے کا نام نہیں لیتی۔ اس کے برعکس پنجاب میں تین میٹرو بس کے منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ آج موجودہ معاشی صورتحال میں جی ڈی پی دوبارہ 3فیصد کے ہندسے کی طرف بڑھ رہاہے، افراط زر 8.5فیصد تک جاپہنچی۔ سٹاک مارکیٹ میں ماضی کے مقابلے میں20ملین ڈالر کا خسارہ ہوچکا، بڑے پیمانے پر فارن انوسٹمنٹ نکال لی گئی۔