• news

شیخوپورہ/ مظفر گڑھ‘ ٹریفک حادثات: زائرین اور باراتیوں سمیت 11 جاں بحق‘ 34 زخمی

پتوکی، نوشہرہ ورکاں، شیخوپورہ‘ مظفر گڑھ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ آن لائن) کئی شہروں میں ٹریفک حادثات میں 11افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہو گئے۔ موٹروے ایم ٹو پر خوفناک ٹریفک حادثہ میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹروے ایم ٹو شیخوپورہ انٹرچینج سے 13 کلومیٹر اسلام آباد کی طرف جاتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث مزدا کی کیری ڈبہ سے ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں مزید 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 62 سالہ افتخار، 13 سالہ شہزاد شامل ہیں جب کہ حادثہ کی زخمی خاتون رفعت بی بی بھی ہسپتال پہنچ کردم توڑگئیں۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب مظفرگڑھ میں لنگر سرائے کے قریب ٹرک اور زائرین کی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور20 افراد زخمی ہوگئے۔ زائرین سخی سرورسے زیارت کرکے فیصل آباد جا رہے تھے۔ زخمی ہونے والے مسافروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ محلہ روڈالہ کے قریب پیش آیا جہاں پر موٹرسائیکل سوار تین سے کم سن دوست تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹرا گئے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا چھٹی کلاس کا طالب علم زین جاںبحق ہو گیا ۔ جبکہ دوسرا حادثہ جنڈیالہ شیر خان کے قریب رونما ہوا جس میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو سامنے آنیوالی تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس سے عینی شاہدین کے مطابق نذیر اور پروین ٹکر سے گیند کی طرح کئی فٹ تک اوپر بلند ہونے کے بعد دور جا گرے اور اطلاع ملنے پر 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے زخمی میاں بیوی شیخوپورہ ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دونوں دم توڑ گئے۔ آدھن پھاٹک کے قریب تیز رفتار کار گدھا گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گئی جس سے کار میں موجود 2افراد موقع پر جاں بحق اور 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چھانگا مانگا سے پتوکی کی جانب بارات سے واپس آ نے والی تیز رفتار کار بے قابو ہو کر آدھن پھاٹک کے قریب گدھاگاڑی سے ٹکرا کر الٹ گئی جس سے کار میں موجود 2افراد عاقل اور مطلوب موقع پر جاں بحق ہو گئے زخمیوں کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کردیا گیا ۔ کار میں ایک ہی خاندان کے 7افرادسوار تھے جن کا تعلق نواحی گائوں ٹھینگ چک 7سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن