8 ماہ میں ملک آٹھ سال پیچھے چلا گیا‘ عوام کی نیندیں حرام‘ سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر مہنگائی کی تباہی لے آئی ہے۔حکومت سعودی عرب سے ادھار تیل لیکر کئی گنا قیمت پر عوام کو دے رہی ہے۔ڈالر کی قیمت قابومیں نہیں آرہی ۔جس سے روپے کی بے قدری بڑھ رہی ہے اور روپیہ کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بن کر رہ گیا ہے۔ آٹھ ماہ کی حکمرانی میں حکومت نے ملک کو آگے لے جانے کی بجائے آٹھ سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ المکرمہ میں پاکستانی کمیونٹی کے وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ نے حکومت کے تمام دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے۔ حکومت بیرونی قرضوں کے ساتھ ساتھ ملکی بینکوں سے بھی قرضے لے کر انہیں کنگال کررہی ہے۔آٹھ ماہ میں تین ہزار تین سو ارب روپے کے قرضے لئے گئے ہیں اور مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار اور عیاشیوں کا رونا رو کر اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتی۔