نیشنل ایکشن پلان: راولپنڈی اور ٹیکسلا میں دو غیر رجسٹرڈ انٹرنیشنل این جی اوز کے دفاتر سیل
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلعی انتظامیہ اور حساس اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ غیر سرکاری تنظیم براک کے راولپنڈی کینٹ اور ٹیکسلا کے دفاتر سیل کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹینچ بھاٹہ راولپنڈی میں این جی او دفتر کو اے سی کینٹ حافظ عمران نے سیل کرکے سربمہر کیا۔ٹیکسلا میں غیر سرکاری تنظیم کا دفتر اسسٹنٹ کمشنر طارق عثمان نے سیل کیا۔ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران این جی او عملہ کے زیر استعمال کمپیوٹرز،اکائونٹ کی تفصیلات بھی قبضہ میں لے لی گئیں۔دفاتر سے قبضہ میں لیا گیا سامان تھانہ ریس کورس اور ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا ۔یاد رہے کہ گزشتہ برس وفاقی پولیس نے اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ انٹرنینشل این جی اوز کے دفاتر بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ احکامات سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی )نجیب الرحمان بگوی نے جاری کیے۔ احکامات کے مطابق جن انٹرنینشل این جی اوز کی رجسٹریشن کی درخواست وزارت داخلہ نے مسترد کردی وہ اپنا کام نہیں کرسکیں گی۔ان این جی اوز میں ضیا الامت فاونڈیشن یو کے، ورلڈ ویجیٹیبل سنٹر چائنہ، الخیر فاونڈیشن یوکے، سینٹرل ایشیا ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان، سیفر ورلڈ یوکے، سینٹر فار انٹرنیشنل انٹرپرائز یو ایس اے، انٹرنیشنل الرٹ یوکے، ڈینیش رفیوجی ڈنمارک، فاونڈیشن اوپن سوسائٹی انسٹیٹیوٹ پاکستان، سوئزرلینڈ، آکسفم نوویب نیدرلینڈز اور اکیومین فنڈ انٹرنیشنل شامل ہیں۔