دہشتگردوں کے سہولت کار وفاقی وزیر‘ مستقبل کیلئے کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کرنا پڑے گی: بلاول
لاڑکانہ(نوائے وقت رپو رٹ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام ان کے چہرے پہچانیں، جو آپ کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ وفاق سندھ کے عوام کے حقوق چھیننا چاہتا ہے۔خان صاحب کرپشن کے خاتمے کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کو اس کا حصہ دے، پیسہ نہیں ملے گا، تو کیسے صحت کا نظام بہتر کریں گے، ذمہ داری صوبوں پر ہے، تو وسائل بھی زیادہ ہونے چاہئیں، وسائل کے بغیر تعلیم میں بہتری کیسے لائی جائے گی، سلیکٹڈ وزیر اعظم عوام کو اہمیت نہیں دیتے، پی ٹی آئی کو عوام کے حقوق چھیننے کے لئے بٹھا یا گیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کوعوام کے وسائل چھیننے نہیں دیں گے، خان صاحب صرف اپنی سیاست چمکاتے ہیں، خان صاحب کی حکومت کو بٹھانے میں نیب کا اہم کردار ہے، احتساب بلاتفریق اورسب کے لئے یکساں ہونا چاہیے۔ خان صاحب مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں، خان صاحب کرپشن کے خاتمے کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میں نے کوئی ملک دشمن بیان نہیں دیا تھا، صرف کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی بات کی، دنیا کو کیا پیغام جائے گا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار آج وزیر ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کا مارچ سیاسی تھا، جو مقاصد تھے، وہ حاصل کیے، میرا ٹرین مارچ سیاسی نہیں تھا، نہ کوئی ایجنڈا تھا، ہم سے اپوزیشن کرنیکا حق نہیں چھینا جا سکتا۔عمران خان کی سیاست نیب سے شروع ہوتی ہے اور نیب پر ختم ہوتی ہے ،آصف زرداری اور میں ہمیشہ فرنٹ فٹ پرکھیلتے ہیں، وفاقی وزیر دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں ، حکومت تنقید برداشت نہیں کرتی ،کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات کرنا ہونگے۔ ایک وفاقی وزیر اور ان کے بھائی کے خلاف کئی ثبوت ہیں لیکن ان کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جب انصاف ہوتاہے تو کسی پر ہاتھ ہولا اور کسی پر ہلکانہیں رکھا جاتا، شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت دبائومیں نہیںآئیگی ، سندھ کو وفاق سے 120ارب روپے نہ ملنے کی وجہ سے ہسپتالوں کونقصان پہنچ رہاہے ، تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مخصوص احتساب کیا جارہاہے، وفاق سندھ کے عوام کے حقوق چھیننا چاہتاہے ، آپ ان کے چہرے پہنچانیں جو آپ کے حقوق چھین رہے ہیں۔