گورنر پنجاب آج لاہور تا عبدالحکیم موٹر وے جڑانوالہ انٹر چینج کا افتتاح کریں گے
جڑانوالہ/ شورکوٹ کینٹ (نمائندہ نوائے وقت/ نامہ نگار) گورنر پنجاب‘ چودھری سرور آج لاہور تا عبدالحکیم اور جڑانوالہ انٹر چینج کا افتتاح کرینگے۔ لاہور سے عبدالحکیم 230 کلومیٹر تعمیر ہونے والی موٹر وے پر132ارب روپے لاگت آئی ہے۔اس موٹر وے کو مئی 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن این ایچ اے کی طرف سے کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے تعمیراتی کام تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے یہ منصوبہ دسمبر 2018 میں مکمل ہونے کے باوجود عوام کیلئے نہ کھولی جا سکی ۔گذشتہ روز ممبر موٹر وے منصور احمد نے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعدلاہور سے عبدالحکیم تک کا دورہ کیا ۔انہوں نے انٹر چینج ،ریسٹ ایریا اور سروس ایریا کا بھی جائزہ لیا اور موٹر وے پر موٹر وے پولیس بھی تعینات کر دی ہے جس کا آج گورنر پنجاب افتتاح کریں گے اور لاہور سے عبدالحکیم موٹر وے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ گورنر کی جڑانوالہ آمد کے موقع پر والہانہ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی۔ صوبائی وزیر پراسکیوشن برانچ چوہدری ظہیر الدین، چیئرمین پنجاب سٹینڈنگ کمیٹی چوہدری علی اختر، ایم این اے ملک نواب شیر وسیر کی جانب سے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ پی ٹی آئی راہنماؤں کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ آمد پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا تاریخی والہانہ استقبال کیا جا ئے گا اور بڑے جلوس کی شکل میں موٹر وے انٹر چینج پر خیرمقدم کیا جائے گا۔ موٹر وے کے افتتاح سے شرقپور، ننکانہ صاحب، جڑانوالہ، سمندری، رجانہ، پیر محل اور عبدالحکیم شامل ہیں۔ لاہور عبدالحکیم موٹروے کی تکمیل کے باعث لاہور سے ملتان تک کے سفر کا دورانیہ کم ہو جائے گا۔