• news

پاکستان کیخلاف بولنے والے سن لیں انہیں عبرت کا نشان بنا دیا جائیگا: شہر یار آفریدی

کراچی (وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کچھ لیڈر بیانات دیتے وقت ملک کو بھول جاتے ہیں۔ لوٹ مار کرنے والوںکو حساب دینا پڑے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کے دشمنوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ کسی کو اپنی سوچ مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان میں بدامنی پھیلانے والوں کو ذلت ملے گی۔ بلاول بھٹو انگریزی میں تقریر سے کس کو خوش کرتے ہیں جس نے ملک میں لوٹ مار کی اسے حساب دینا پڑے گا۔ اب کوئی بھی باہر سے پاکستان کے نظام کو مفلوج نہیں کرسکے گا۔ہفتے کورینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں 26 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ رینجرز نے سرحدوں کی حفاظت اور کراچی میں دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کیا، رینجرز نے پانچ سال میں 16 ہزار آپریشن کیے اور 12 ہزار سے زائد دہشت گرد گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیے۔ سندھ رینجرزکی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا، کراچی کی روشنی اور امن بحال‘ شہر پھر معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ بیرونی کوششوں سے ہمارے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے، اب ملک کے آئین پر سودے بازی نہیں ہوگی، کوئی اب باہر سے فیصلہ ڈکٹیٹ نہیں کراسکے گا، اندر بیٹھ کر دشمن کی بولی بولنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں، ریاست اب کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی، ریاست اب بلیک میل نہیں ہوگی، اب کوئی بھی باہر سے یہاں کے نظام کو مفلوج نہیں کرسکے گا۔ جمہوریت کے نام پر کسی کے ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں ان کے لئے پیغام ہے کہ ریاست اب بلیک میل نہیں ہو گی ،کوئی دبائو ریاست نہیں لے گی ، ملک کے آئین اورقانون پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، اب کوئی باہر سے ٹیلی فون کال کے ذ ریعہ کراچی یا پاکستان کو مفلوج نہیں کر سکے گا ۔ میرے اللہ نے چاہا تو اب باہر سے پاکستان کے فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کر سکے گا، اب ریاست پاکستانیوں کی عزت اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن