• news

بھارت کشیدگی: پالیمانی دفاعی کمیٹی کا جمعرات کو دوبارہ جی ایچ کیو، آرمی چیف بریفنگ دینگے

راولپنڈی (صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا چوتھا اجلاس 4 اپریل جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں دن 11بجے ہو گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمیٹی ارکان کو کنٹرول لائن، ورکنگ بائونڈری اور انٹرنیشنل بارڈرز کی صورت حال پر بریفنگ دیں گے ۔ 20رکنی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں جبکہ وزیر دفاع پرویز خان خٹک کمیٹی کے ایکس آفیشیو رکن ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان ہیں۔ جبکہ کمیٹی ارکان میں میجر (ر) طاہر صادق، چوہدری فرخ الطاف، سید فیض الحسن، اعجاز احمد شاہ، اورنگزیب خان کھچی، جمیل احمد خان، ڈاکٹر رامیش کمار وانکوانی، سید امین الحق، غوث بخش خان مہر، مس روبینہ عرفان، چوہدری محمد برجیس طاہر، چوہدری ریاض الحق جج، محمد خان ڈاہا، عالم داد لالیکا، میاں ریاض حسین پیرزادہ، خورشید احمد جونیجو، آفتاب شعبان میرانی، عامر علی خان مگسی اور صلاح الدین ایوبی شامل ہیں۔ کمیٹی سیکرٹری ولایت خان کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کمیٹی اراکین سے درخواست ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت کے لئے صبح 10بجے پارلیمنٹ ہائوس کے گیٹ نمبر ایک پر جمع ہوں۔ نوٹس میں کہا گیا اگر کوئی کمیٹی رکن اپنے طور پر جی ایچ کیو جانا چاہتا ہے تو وہ بروقت اس حوالہ سے آگاہ کرے۔ سیکرٹری وزارت دفاع سے درخواست کی گئی کہ وہ تمام متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں اور اجلاس کے انعقاد کے حوالہ سے تمام انتظامات کریں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے کمیٹی اجلاس کی میڈیا کوریج کے حوالہ سے تمام ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس اور آئی جی پنجاب پولیس سے کمیٹی اراکین کی جی ایچ کیو آمد کے حوالہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے حوالہ سے بات کی جائے گی۔ کمیٹی اراکین آرمی چیف کی دعوت پر جی ایچ کیو کا دورہ کر رہے ہیں۔ آرمی چیف قائمہ کمیٹی کو ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی صورتحال پر بریف کریں گے، بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزیوں پر پاک فوج کے جوابی اقدام کا بھی بتایا جائے گا۔ کمیٹی کو مسلح افواج کے مختلف امور پر بھی بریفنگ‘ اعتماد میں لیا جائے گا۔ یہ ایک ماہ کے عرصے میں آرمی چیف کی پارلیمنٹیرینز کو دوسری بریفنگ ہو گی، اس سے قبل اراکین پارلیمنٹ کو 27فروری کو پارلیمنٹ میں منعقدہ ان کیمرہ سیشن میں بریفنگ دی گئی تھی جہاں اسی دن پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے مار گرائے تھے البتہ وزیر اعظم عمران خان نے اس بریفنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن