• news

اٹھارویں ترمیم ہدف ہونے کی حقیقت عمران خان کی زبان پر آ ہی گئی: ترجمان بلاول

لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان کی زبان پر حقیقت آ ہی گئی ہے کہ ان کا ہدف اٹھارویں ترمیم ہے۔ اس سے عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا بھی سامنے آگیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے دس سالوں تک وفاق دیوالیہ نہیں ہوا تو اب کیسے ہو گیا؟ عمران خان اپنی معاشی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اٹھارویں ترمیم پر الزام عائد کر رہے ہیں۔ بدترین معاشی صورتحال قومی سلامتی کیلئے بھی مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب بتائیں کہ ٹیکس وصولیوں میں 450 ارب کے شارٹ فال کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم کیسے ہے؟ سٹاک مارکیٹ میں مندی‘ کاروباری طبقے کی بدحالی کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم نہیں بلکہ حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر‘ پٹرول‘ بجلی‘ گیس‘ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ عمران خان پانچ سال خیبر پختونخوا میں تھے تب تو فنڈز لیکر اڑاتے رہے۔ دس سالوں میں سندھ میں عالمی معیار کی ہسپتال‘ تعلیمی ادارے اور روڈ بنے ہیں۔ تھر کے کوئلے سے بجلی کا منصوبہ بھی سندھ حکومت کا ہی کارنامہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن