سہیل محمود سیکرٹری خارجہ مقرر، عمران ڈیل اور ڈھیل کے قائل نہیں: شاہ محمود
اسلام آباد‘ ملتان (سٹاف رپورٹر‘ صباح نیوز) بھارت میںپاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود سترہ اپریل کو ملک کے نئے خارجہ سیکرٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہیں موجودہ خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ کی جگہ یہ منصب سونپا گیا جو اپنی مدت ملازمت پوری کر کے سولہ اپریل کو سبکدوش ہو رہی ہیں۔ سہیل محمود نہایت تجربہ کار سفیر ہیں جنہیں نئی دہلی جیسے مشکل سٹیشن کا تجربہ بھی حاصل ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے وہ ترکی میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈیل کے قائل نہ ڈھیل دینے پر آمادہ ہیں، بہت جلد عمران خان کی سنجیدگی کا پتہ چل جائے گا۔ حکومت نے سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سہیل محمود تجربہ کار سفیر ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں۔ گزشتہ سالوں میں ہونے والی کرپشن کے بارے میں لوگ جانتے ہیں۔ نیب خودمختار ادارہ ہے، یہ تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی کے خلاف بھی کیسز کی تفتیش کر رہا ہے، نیب کے معاملات میں مداخلت کرنا حکومت کا کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پھر بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف اور دیگر اپوزیشن رہنمائوں سے کہتا ہوں کہ ہمارے درمیان سیاسی اختلاف ہے جو رہے گا، آپ کے موقف کو تسلیم کرتے ہیں، آپ ہمارا موقف تسلیم کیجئے لیکن ملکی سلامتی کے معاملات میں آپ تنگدلی اور تنگ نظری کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج پاکستان کے خلاف جارحیت کی شکل میں دکھائی دے رہا ہے، پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے، ایف اے ٹی ایف میں گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔