سابق گورنر سندھ محمدزبیر کی آئندہ تین ماہ میں ڈالر 160 روپے تک جانے کی پیشگوئی
کراچی (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنمااور سابق گورنرسندھ محمدزبیر نے آئندہ تین ماہ میں ڈالر 160 روپے تک جانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں معیشت کہاں جارہی ہے اس پر بحث ہونا اچھی بات ہے، اس میں سب سے پہلے حکومت کو اپنے منصوبے پیش کرنے چاہئیں کہ ہم یہ کریں گے اور ایسے کریں گے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں آمدن نہیں بڑھے گی، اصلاحات نہیں ہوں گی تو ملکی معیشت آگے نہیں چلے گی۔محمدزبیر نے کہا کہ جب کی تیاری نہیں ہوگی، احساس نہیں ہوگا تو اس لیے حکومت سے ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے یا نہیں، لیکن اس وجہ سے معیشت کا برا حال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سارے اقدامات آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے ہی کرلے تاکہ یہ تنقید نہ ہو کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مانی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت توانائی کے شعبے اور ایف بی آر میں کیا اصلاحات کرنا چاہتی ہے وہ سامنے لائے کہ ان پر کام کیے بغیر عام آدمی کو فائدہ نہیں ہوسکتا۔