• news

فخر امام سے سردار مسعود کی ملاقات: مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آزاد کشمیر سر دار مسعود خان نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانا ممکن نہیں۔ پیر کوصدرآزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام سے ملاقات کی اور انہیں چیئرمین کشمیر کمیٹی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماوں نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں سمیت مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں ، نوجوانوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل اور سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی اندھا دھند گرفتاریوں سمیت بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانیت کے خلاف دیگر جرائم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے بتایا کہ کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانا ممکن نہیں۔ سید فخر امام نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارے میں پاکستان کے پختہ اور غیر متزلزل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں پارلیمنٹ ، تھینک ٹینکس اور تعلیمی اداروں سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر آگاہی مہم چلانے پر بھی اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن