شہباز شریف وزیراعظم سے معاملات طے کرنا چاہتے ہیں: شیخ رشید
لاہور+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔ نواز شریف کا دل لندن میں پھنسا ہوا ہے۔ بیماری صرف بلو کے گھر جانے کی ہے۔ بھتیجی اور چچا کے درمیان مستقبل کی لڑائی چل رہی ہے۔ شہباز شریف عمران خان کے ساتھ معاملات طے کرنا چاہتے ہیں۔ چوہدری نثار سے پہلے میں نے کہا تھا کہ ڈیل ہو سکتی ہے۔ بلاول سے ٹرین کا دس لاکھ 55ہزار کرایہ وصول کیا ہے۔ سلیم مانڈوی والا کو ٹرین گندی کرنے پر نوٹس بھیج رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے سٹیشن کی 5کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین کی جانیوالی بلڈنگ کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ذمہ داری خا ندان کی مستقبل میں کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، فضل الرحمن کا ساتھ دیا، مولانا صاحب کو عمران سے مسئلہ ہے۔ فضل الرحمن بلاول کو شاگردی میں لینا چاہتے ہیں، میں بھی موجود ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دینی مدارس کے سربراہان کو یقین دلاتا ہوں مدارس کیخلاف کوئی کا رروائی نہیں ہو گی۔ جہاد بنیادی رکن ہے اس کا منکر کافر ہے، اس ماہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے۔ سمجھوتا ایکسپریس کیس عالمی عدالت میں لے جانا چاہتا ہوں۔ مودی نے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ڈرامہ کیا۔ بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ وفاقی وزیر نے گوجرانوالہ سے لاہور شٹل ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں کو بابا گورونانک کے جنم دن پر واہگہ سے ننکانہ صاحب تک ٹرین پر سفر کی سہولت مہیا کریں گے۔ قوم سے وعدہ کیا ہے کہ سال میں 10 سے 12 ارب زیادہ آمدن دیں گے اس وقت ہم ٹارگٹ سے 4 ارب زائد آمدن حاصل کر چکے ہیں۔ سر سید احمد ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے درمیان چلائی جائے گی۔ حیدر آباد، کراچی، گوجرانوالہ، لاہور کے درمیان لاہور ملتان کے درمیان اور راولپنڈی لاہور کے درمیان بھی شٹل ٹرین چلائیں گے۔