رمضان میں قیمتیں کنٹرول، اشیاء خوردونوش کی فراہمی، سکیورٹی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم آفس کا صوبوں کو مراسلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ایم آفس نے وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماہ رمضان میں سکیورٹی، قیمتوں کو کنٹرول اور اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ رمضان میں سکیورٹی سمیت دیگر امور پر صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن میٹنگز یقینی بنائی جائیں۔ وفاقی دارالحکومت تمام صوبوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی جائیں۔ جن اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے ان کے بارے میں متبادل پلان تیار رکھا جائے۔ ذخیرہ اندوزوں، بلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے۔ سستے بازاروں کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔ ماہ رمضان میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے سلسلے میں خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ تراویح کے دوران فول پروف سیکورٹی کویقینی بنایا جائے۔ سحری، افطاری کے وقت بجلی گیس اور پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔