• news

بھارت میں ہندو خوش ہیں مسلمان اور نہ سکھ ‘ فاروق عبداللہ

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے اپنے عزائم کو پورا کرنے کیلئے کشمیر میں اپنے آلہ کاروں کو کام پر لگا رکھا ہے ۔ مودی بھارت کوخوشحال بنا سکے اور نہ مضبوط ، آج نہ ملک کا ہندو خوش ہے نہ مسلمان اور نہ سکھ، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی والے دیگر تمام معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف حملے کی تشہیر بازی کررہے ہیں۔ بٹہ مالومیں اپنی انتخابی مہم کے دورا ن خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بی جے پی والے آج رام مندر اور دیگر معاملات کو بھول گئے ہیں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ تمام محاذوں پر ناکامی کے بعد عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مودی جی نے پاکستان کا محاذ کھول دیااور کہتے ہیں کہ میں نے پاکستان کی کمر توڑی لیکن حقیقت پوری دنیا کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے یہ لوگ 35اے اور دفعہ370کیخلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے عزائم صحیح نہیں، یہ لوگ جموں وکشمیر کے تشخص کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور مسلمانوں کی بنیاد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن