اسلامی تعلیمات سیکھنے پاکستان آئی، غیر ملکی ماڈل ٹریزانے نے سزا چیلنج کر دی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے منشیات سمگلنگ کے الزام میں ٹرائل کورٹ سے سنائی جانے والی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ دائر اپیل میں نکتہ اٹھایا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔ ان پر بے بنیاد الزام لگایا گیا ہے۔ غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے سزا کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ اپیل میں غیر ملکی ماڈل نے قید اور جرمانے کی سزا کو چیلنج کیا ہے۔ اپیل میں بتایا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے منشیات سمگل کرنے کے الزام میں 8 سال 8 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی8 سزا سنائی ہے۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی ماڈل ٹریزا بے قصور ہے اور ٹرائل کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے حقائق کو نظر انداز کیا ہے۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ کسٹم حکام کا منشیات سمگلنگ کا الزام میں کوئی صداقت نہیں۔ غیر ملکی ماڈل نے اپیل میں یہ انکشاف کیا کہ وہ اسلامی تعلیمات سیکھنے کیلئے پاکستان آئی تھی۔ اپیل میں یہ استدعا کی گئی کہ غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو منشیات سمگلنگ کے الزام میں سزا کو کالعدم قرار دیکر بری کیا جائے۔