لاہور ہائیکورٹ: پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر اہلخانہ کا تشدد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر اہل خانہ نے دھاوا بول دیا۔ اور ان پر تشدد کیا۔ کاہنہ کی رہائشی ثمینہ نے قاسم کے ساتھ پسند کی شادی کی تو ثمینہ کے اہلخانہ نے قاسم کے خلاف ہی ثمینہ کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔ ثمینہ اپنے شوہر کے ہمراہ بیان دینے کے لیے ہائیکورٹ پہنچی تو اہلخانہ نے دھاوا بول دیا، کسی نے تھپڑ مارا اور کسی نے لاتوں اور گھونسوں سے وار کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ہنگامہ کرنے والے مرد اور خواتین کو ہائیکورٹ سے باہر نکال دیا جبکہ پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے کیس کی سماعت جج کی عدم دستیابی کے باعث نہ ہوسکی جس پر انہیں بحفاظت ہائیکورٹ سے روانہ کردیا گیا۔