افغان مہاجرین کیمپس 25 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کیمپس 25 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں۔ پیسکو میں پندرہ افغان مہاجرین کیمپس کو بجلی کے کنکشن فراہم کئے گئے ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت ہواجس میں بتایاگیا کہ حکومت نے کے الیکٹرک کے ساتھ واجبات کا معاملہ حل کرنے کیلئے ریٹائرڈ جج کو ثالث مقرر کرنے کی تجویز دیدی۔انہوںنے کہاکہ کے الیکٹرک کے ساتھ ایس ایس جی سی،این ٹی ڈی سی کے واجبات کا معاملہ ہے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہاکہ کے الیکٹرک پر واجبات 125ارب روپے ہیں۔سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہاکہ کے الیکٹرک پر ایس ایس جی سی کے واجبات 90ارب روپے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کے الیکٹرک پر این ٹی ڈی سی کے واجبات 35ارب روپے ہیں۔انہوںنے کہاکہ واجبات کا معاملہ حل کرنے کیلئے میکنزم بنانا ہوگا۔ پیسکو میں 292 افغان مہاجرین کیمپس نے چوبیس کروڑ کے واجبات ادا کرنے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ٹیسکو کے تین کیمپوں کے زمہ 14 لاکھ روپے کے واجبات ہیں ۔حکام نے بتایا کہ کیسکو کے 26 افغان مہاجرین کیمپس کے ذمہ دس لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔