• news

رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 27 فیصد کمی ریکارڈ

لاہور (کامرس رپورٹر) صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں سست ہونے سے پاکستان میں ڈیزل اور فرنس آئل کی کھپت کم ہو گئی۔ رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے د وران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر ایک کروڑ 36 لاکھ 25 ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں جو گزشتہ مالی سال سے 37 لاکھ ٹن کم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمی فرنس آئل کی فروخت میں دیکھی گئی۔ جولائی سے مارچ تک 21 لاکھ 71 ہزار ٹن فرنس آئل فروخت ہوا، جو پہلے سے 60 فیصد کم ہے۔ جبکہ اس دوران 54 لاکھ 5 ہزار ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل فروخت ہوا جو گزشتہ سال سے 20 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق صنعتی سرگرمیوں میں کمی کے علاوہ ڈیزل کی فروخت میں کمی کی ایک وجہ ڈیزل کی سمگلنگ بھی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال سات ماہ کی مجموعی صنعتی پیداوار پہلے سے تقریباً اڑھائی فیصد کم رہی۔

ای پیپر-دی نیشن