ڈسکہ: اے ایس آئی کے رویے سے تنگ خواتین نے تھانے میں اس کی پٹائی کر دی
ڈسکہ (نامہ نگار/نمائندہ خصوصی) تھانہ میں آئی خواتین کو گالیاں دینے پر اے ایس آئی کی خواتین کے ہاتھوں پٹائی۔ سوہاوہ کی خواتین فاخرہ عروج ‘صبا بی بی‘ عصمت بی بی گزشتہ روز تھانہ سٹی میں اندراج مقدمہ کیلئے آئیں تو تھانہ سٹی میں تعینات اے ایس آئی ناصر اقبال نے خواتین کو نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے اونچی آواز میں گالیاں دینا شروع کردیں جس پر خواتین نے اے ایس آئی ناصر اقبال پر دھاوا بول دیا۔ اے ایس آئی کی چیخ پکار سن کر دوسرے پولیس اہلکار آگئے اور انہوں نے خواتین سے اے ایس آئی ناصر اقبال کی جان چھڑائی۔ پولیس اہلکاروں نے خواتین کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا اور ایک کمرہ میں بندکردیا خواتین کا کہنا ہے کہ ہم نے تھانہ میں اندراج مقدمہ کیلئے کافی دنوں سے درخواست دی ہوئی ہے اور ہم تھانہ کے چکر لگا کر تھک چکی ہیں۔ جب بھی ہم تھانہ میں اندراج مقدمہ کیلئے آتے تو ناصر اقبال ہمیں دیکھ کر نازیبا الفاظ استعمال کرتا تھا اور گالیاں دیتا تھا جو ہمارے لیے برداشت کرنا مشکل تھا۔ پولیس نے مبینہ طور پر اپنے پیٹی بند بھائی ناصر اقبال کی وردی پھاڑ کر خواتین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔