پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کا کھیل کھیلنے والے عوام پر رحم کریں :حمزہ شہباز
لاہور(آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کا کھیل کھیلنے والے عوام پر رحم کریں ، موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی بحران سے دو چار کردیا ہے ،ملک کی ترقی کا سفر رک گیا،مسلم لیگ(ن) نے صدق دل کیساتھ عوام کی بے لوث خدمت کی۔وہ منگل کو یہاں سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ اور ممبر پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ سے طویل ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ میاں حمزہ شہبا ز نے کہاکہ آمریت کے دور میں ہمارے کارکنان نے تاریخ ساز جدوجہد کی، تہمینہ دولتانہ جیسی دلیر خاتون نے آمرکے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے صدق دل کیساتھ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ہمارا جینا مرناعوام کے ساتھ تھا،ہے اور رہے گا۔ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار ملا تو ملک میں ہر طرف اندھیرے اورمایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے لیکن ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں د ھرنا دینے والوں نے بھی قومی معیشت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیںچھوڑی اوران عناصر نے اپنے بلا جواز دھرنوں ،لاک ڈاؤنوں اوراحتجاج کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا لیکن مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا۔