حکومت مجھے اور شاہد خاقان کو بلا لے 2 گھنٹے میں گیس‘پٹرول کا مسئلہ حل کردینگے: مفتاح
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ جتنا قرضہ موجودہ حکومت لے رہی ہے اتنا قرضہ پہلے کسی پاکستانی حکومت نے نہیں لیا۔ جس رفتار سے قرضے کا بوجھ بڑھ رہا ہے اس میں موجودہ حکومت پانچ سال میں اتنا قرضہ لے گی جتنا قرضہ 70سال میں تمام حکومتوں نے لیا ہے۔ جو ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا اس کے لئے پانچ سال کے لئے آٹھ فیصد شرح نمو چاہئے، چار فیصد شرح نمو کا مطلب ہے آپ ہر سال بیروزگاروں کی تعداد میں پانچ لاکھ کا اضافہ کر رہے ہیں۔ 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا تھا اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اگر شاہد خاقان عباسی اور مجھے اب بھی حکومت بلا لے تو ہم دو گھنٹے میں پٹرول اور گیس کا مسئلہ حل کردیں گے اور حکومت کو گیس کی قیمت بڑھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ میرا خیال ہے کہ حکومت اب تو فیصلہ کر چکی ہے کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جائے گی۔ حکومت کو نہ صرف سعودی عرب کے سامنے ہاتھ پھیلانا پڑا، چین سے دو ارب ڈالرز لئے اور یو اے ای سے پیسے لئے اور وہ پیسے ضائع بھی ہو گئے اور اب آپ آئی ایم ایف کے پاس بھی جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شکل میں جتنا ٹیکس آج ہے پہلے کبھی نہیں تھا ، یہ بات جھوٹ ہے کہ ٹیکس نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت بڑھا کر حکومت نے بہت بڑی غلطی کی۔گیس کی قیمت میں 10سے 20فیصد بڑھانے سے کوئی حرج نہیں ہوتا، گیس کی قیمتوں میں 140فیصد اضافہ ہوا جس سے درآمدات کم ہوئیں۔ میرا خیال ہے آگے جا کر مہنگائی اور بڑھے گی۔ روپے کی قدر میں بھی مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ خدشہ ہے اپریل میں مہنگائی میں اور اضافہ ہو گا۔ ڈالر کی قیمت میں آہستہ آہستہ اضافہ کرتے تو بہتر ہوتا۔