حمزہ شہباز کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ کیخلاف درخواست پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ کو چیلنج کیا گیا۔ سماعت کے دوران حمزہ شہباز سمیت دیگر درخواست گزاروں کے وکلا نے بتایا کہ ان کے موکل رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکوٰۃ بھی ادا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ کے ٹیکس وصولی کے نوٹسز جاری کیے گئے۔ درخواستوں میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے۔ وکلاء نے نشاندہی کی کہ ٹیکس، عوامی مقاصد کیلئے حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی رقم ہے لیکن انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013 کی شقیں آئین سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اس لیے ان لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔