• news

سیاستدان اور بیوروکریٹس باہمی تعاون سے ملک میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں، اسد قیصر

اسلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال دیکھنے کے خواب کو پورا کرنے کے لئے سیاستدانوں اور سرکاری ملازمین کوسخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومتی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے بغیر حکومتی نظام کو چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار زیرِ تربیت سی ایس پی افسران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔سپیکرنے زیرِ تربیت افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب بہت ذہین اور محنتی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ انسان کو بڑا آدمی نہیں بناتا بلکہ اس کا کام اس کو بڑا آدمی بناتا ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ اپنی سوچ کو مثبت رکھیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اور بیوروکریٹس باہمی تعاون سے ملک میںمثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین چیلینجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کے کی ضرورت ہے۔ شرکاء کو پارلیمنٹ کے بنیادی فرائض اور پارلیمنٹ ہاوس میں قانون سازی کے عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ زیرتربیت سی ایس پی افسران کی صلاحیتوںمیں اضافے کے لئے سوال جواب کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن