مشکلات عارضی ہیں‘ پاکستان جلد خطے میں اقتصادی قوت بن کر ابھرے گا: صمصام بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے ایک ماہر اقتصادیات کی ڈنگ ٹپاؤ معاشی پالیسیوں کے نتائج اب تک مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں تاہم یہ مشکلات عارضی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ کوششوں کے طفیل آئندہ سالوں میں سی پیک اور پاکستانی سمندروں میں چھپے خزانوں کی بدولت پاکستان خطے میں اقتصادی قوت بن کر ابھرے گا-اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی صحیح سیاسی سمت کا تعین کردیا ہے ، ملکی اداروں کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے اور عوامی مفادات پر مبنی منصوبے اور اقدامات شروع کئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کم آمدنی والے افراد کے لئے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی بدولت نہ صرف عام آدمی کو ریلیف ملے گا بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی اور روزگار کے نئے دروا ہوں گے- انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں کفالت اور احساس کے نام سے پروگرام کا آغاز ملک سے غربت و افلاس کے خاتمے کی طرف ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ بعض سیاسی عناصر ٹرین مارچ اور ہسپتال ڈپلومیسی کے ذریعے اپنے کئے کی سزا بھگتنے سے کنی کترا رہے ہیں لیکن احتساب کے ادارے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرکے ایسے افراد کو ان کے کئے کی سزا دینے کے لئے پرعزم ہیں۔