• news

نیب برابری کی سطح پر سب کا احتساب کرے: پرویز اشرف

سکھر(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نیب سے ایک ہی مطالبہ کیا ہے کہ برابری کی سطح پر تحقیقات کرے،عمران خان کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں، پی پی پی اپنا حق اور فرض ادا کرتی رہے گی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ پروزراء کہتے ہیں انہیں علم نہیں، اب ان کے اندر ہی لڑائی شروع ہو گئی ہے ۔ لاڑکانہ میںآج جمعرات کو سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں شرکت کے لئے سکھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وفاقی وزراء کہہ رہے ہیں کہ ابھی تو عوام کی اور چیخیں نکلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا ہر شہری پریشان ہے، حکومت نام کی تو کوئی چیز نہیں ہے۔ قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت کہتی ہے یہ تو بہت ضروری تھا، یہ کہتے تھے ہم کشکول توڑ دیں گے، ہم کہیں سے امداد نہیں لے کر آئیں گے اور اب سب سے بڑا کشکول تو یہ لے کر نکلے ہوئے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں پاکستان کا بہت بڑ ا نقصان ہو رہا ہے ، یہ حکومت جتنے دن قائم رہے گی پاکستان کے عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب سے پی پی پی نے صرف ایک مطالبہ کیا ہے کہ تمام کیسز میں جن ، جن کے خلاف کارروائی ہو برابری کا سلوک کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن