رائیونڈ سے 4 کروڑ تاوان کیلئے اغواء ہونیوالا پراپرٹی ڈیلر سات روز بعد بازیاب
رائے ونڈ (نامہ نگار) رائے ونڈ سے چار کروڑ تاوان کیلئے اغواء ہونے والا پراپرٹی ڈیلرندیم شیخ پولیس نے سات روز بعد کامیاب آپریشن کر کے تھانہ مانگا منڈی کے علاقہ ہتھاڑکے ایک مکان سے بحفاظت بازیاب کرالیا۔ تاوان کی رقم بھی بچ گئی، اغواء کاروں کے چنگل سے بچ کر زندہ سلامت گھر پہنچنے پر رقت آمیر مناظر، پراپرٹی ڈیلر کے اہل خانہ سجدے میں گرگئے ،تین دن قبل مغوی تاجر کی بیوی کو صدمہ سے ہارٹ اٹیک بھی ہوا تھا، علاقہ میں جشن کا سماں، پولیس زندہ باد کے نعرے، تفصیلات کے مطابق 28 مارچ کی دوپہر مقامی ہائوسنگ سوسائٹی کے اونر شیخ ندیم کو ان کے دفتر سندر روڈ سے ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے پلاٹ دیکھنے کے بہانے اغوا کرلیا اور ساتھیوں کے ہمراہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر کیری ڈبہ میں تھانہ مانگا منڈی کے علاقہ مانگا ہتھار میں ایک گھر میں لے گئے۔ یوسی چیئرمین میاں مبشر حسین کی مدد سے تھانہ سٹی رائے ونڈ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ ایس پی صدر سید علی نے اغواء کاروں کی جلد گرفتاری کیلئے چوہنگ، مانگا، رائے ونڈ اور ستوکتلہ پولیس کو مشترکہ آپریشن کا ٹاسک دیاجس کا انچارج تھانہ رائے ونڈ کے انوسٹی گیشن افتخار رسول باجوہ کو بنایا گیا جنہوں نے اغوا کاروں کے گروہ کے مرکزی ملزم صبغت اللہ کو رائے ونڈ سے گرفتار کرلیا۔ مرکزی ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ہی شیخ ندیم کے اغواء کا اعتراف کرلیا،چنانچہ انوسٹی گیشن انچارج افتخار رسول کی قیادت میں چاروں تھانوں کی پولیس مرکزی ملزم صبغت اللہ کوساتھ لیکر تھانہ مانگا منڈی کے علاقہ ہتھاڑ میں اس مکان پر پہنچ گئی جہاں مغوی کو قید کرکے رکھا گیا تھا۔ مرکزی ملزم صبغت اللہ کیساتھ ملزم شہباز کو بھی دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ بازیاب تاجرشیخ ندیم اور انجمن تاجران نے انوسٹی گیشن پولیس کے انچارج کو سونے کا ہار انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔