شیخ رشید نے حادثے اور ریل گاڑیوں کے لیٹ ہونے پر قوم سے معافی مانگ لی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مزید 16 ٹرینیں اور 10 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لاہور کا قبضہ گروپ مافیا ہے۔ رائل پام برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ نوسر بازگروہ دولت کے زور پر سب کو خرید لیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران ٹرین حادثے اور ٹرینوں کے لیٹ ہونے پر قوم سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ 18 گھنٹے ریل کی بندش پر قوم سے معافی مانگتا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہماری 18 گھنٹے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ لوگ خبریں لگوا رہے ہیں کہ ہم نے فالتو ٹرینیں چلائیں۔ مخالفین سن لیں ہم 16 ٹرینیں اور چلائیں گے۔ اس کے علاوہ 10 فریٹ ٹرینیں بھی مزید چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود کا مسئلہ پاکستان تحریک انصاف کے گھر کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رائل پام کا کیس اب میں خود لڑوں گا۔ دریں اثناء رحیم یار خان کے قریب یکم اپریل کو مال گاڑی کے حادثے کے بعد سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا نظام بری طرح متاثر ہے، قراقرم ایکسپریس معطل کردی گئی۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ ٹرینوں کی آمد و رفت کی بحالی تک ہر روز ایک مسافر ٹرین معطل کی جائے گی۔