سعودی عرب دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک میں 9 ویں نمبر پر آگیا
ماسکو (اے پی پی) تیل کی دولت سے مالا مال اسلامی ملک سعودی عرب دنیا کے10طاقتور ترین ممالک میں نویں بڑی طاقت بن گیا ہے۔ جبکہ عرب دنیا کی پہلی اور پوری مسلم دنیا میںسعودی عرب واحد ملک ہے جو دنیا کے 10طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہوا ہے۔ روس کے ویلڈے فورم نے دنیا کے طاقتور ترین 10ممالک کی فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ممالک سیاسی، اقتصادی اور مالیاتی اثر و رسوخ، بین الاقوامی تعلقات، فوجی طاقت، عالمی قیادت و کردار، ذرائع ابلاغ اور ثقافتی طور پر اثر اندازی کے حوالے سے دنیا کے طاقتور ترین ممالک ہیں۔ سبق ویب سائٹ نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے طاقتور ترین ممالک میں امریکہ سرفہرست، روس دوسرے، چین تیسرے نمبر پر ہے۔ جس کے بعد جرمنی چوتھے، برطانیہ پانچویں، فرانس چھٹے، جاپان ساتویں، اسرائیل آٹھویں، سعودی عرب نویں نمبر پر ہے جبکہ کوریا 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔ یہ فہرست متعلقہ ممالک کے سیاسی، مالیاتی اور اقتصادی وسائل و اثرات کے حوالے سے تیار کی گئی تھی۔