سٹرٹیجک تعلقات کے فروغ کا اعتراف امارات نے مودی کو سب سے بڑے شہری اعزاز ’’زاید میڈل‘‘ سے نواز دیا
دبئی (صباح نیوز) متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز زاید میڈل دے دیا۔ اس حوالے سے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ نے نریندر مودی کو یہ ایوارڈ دیا۔ انہوں نے لکھا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے تاریخی اور وسیع سٹرٹیجک تعلقات ہیں، میرے عزیز دوست وزیر اعظم نریندر مودی کے اہم کردار نے ان تعلقات کو مزید تقویت دی۔ مودی نے یو اے ای کے لیڈر کا انتہائی عاجزی سے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ولی عہد کی وژنری قیادت میں نئی دہلی اور ابوظہبی کے درمیان تعلقات مستحکم ہوئے۔ دوسری طرف بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھارتی عوام کی طرف سے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ یہ میڈل یو اے ای کے ساتھ سٹرٹیجک تعلقات اور اسلامی دنیا کے ساتھ تعلقات کو نئے دور میں لانے میں وزیر اعظم کے کردار کا اعتراف ہے۔ علاوہ ازیں بھارتیہ جنتا پاٹی(بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے بھی بھارتی وزیر اعظم کو دیئے گئے اس ایوارڈ سے متعلق ٹویٹ کیا اور لکھا کہ یہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے میں نریندر مودی کی کاوشوں کو تسلیم کرنے کا اشارہ ہے۔