خیبر پی کے حکومت کی ’’اقراء فروغ تعلیم واؤچر اسکیم‘‘ میں خورد برد کا انکشاف
پشاور( آن لائن ) خیبر پی کے حکومت کی فروغ تعلیم کے لیے 'اقراء فروغ تعلیم واؤچر سکیم' میں خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔صوبائی معائنہ ٹیم (پروونشل انسپکشن ٹیم) نے ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبر پی کے کی 'اقرا فروغ تعلیم واؤچر سکیم سے متعلق اپنی رپورٹ میں خورد برد کا انکشاف کیا ہے۔اس اسکیم کے تحت ایسے والدین جو اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دلواسکتے تھے انہیں واؤچر جاری کیے جاتے تھے جس کی بنیاد پر وہ اپنے بچوں کو کسی بھی اسکول سے مفت تعلیم دلوا سکتے تھے۔اس اسکیم کا مقصد صوبے کے پسماندہ علاقوں میں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو سکولوں میں داخلہ دلوانا تھا۔صوبائی معائنہ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق مانسہرہ میں سکول میں داخلے کی مد میں ملنے والے فنڈز ہڑپ کر لییگئے جب کہ 2 کروڑ 64 لاکھ روپے کے فنڈز میں سے ایک کروڑ 94 لاکھ روپے خورد برد کیے گئے ہیں۔صوبائی معائنہ ٹیم نے کہا کہ 23 اسکولوں میں سے 6 اسکولز گھوسٹ جبکہ 21 غیر رجسٹرڈ نکلے۔