• news

نااہلی کیس: زرداری سے جواب طلب، سیاسی معاملات پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں، خود احتسابی طریقہ بنائے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالتوں کو ایسے مقدمات میں ملوث نہ کیا جائے۔ سیاسی تنازعات کے حل کیلئے متعلقہ فورم پارلیمنٹ ہی ہونا چاہئے۔ وہاں ایسے معاملات حل کیوں نہیں ہوتے۔ چیف جسٹسنے تحریک انصاف کے رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے الیکشن کمشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں، اثاثے چھپانے کی وجہ سے آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے، اس لئے قانون کے تحت آصف زرداری نا تو قومی اسمبلی کے رکن بننے اور نا ہی پارٹی کی سربراہی کے لئے اہل ہیں۔آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔چیف جسٹس نے دیئے کہ عدالتوں کو ایسے مقدمات میں ملوث نہ کیا جائے، امریکی جج کی کتاب میں عدالتوں کو سیاسی مقدمات سے دوررہنے کی بات کی گئی ، آپ کے پاس ایف بی آر سمیت دیگر فورمز موجود ہیں، پہلے ہی 18 ہزار مقدمات زیرالتواء ہیں ایسے مقدمات سے عام سائل متاثر ہوگا، جو وقت آپ ادھر لیں گے وہ سائلین کے لئے چھوڑ دیں۔ جو وقت آپ پارلیمنٹ کی بجائے ادھر لیں گے وہ دیگر کیسز پر لگنا چاہئے کیا آپ کی جماعت سے آصف علی زرداری کے مقابل امیدوار نے رجوع کیا، کیا الیکشن کمیشن میں اسی طرح کی درخواست دائر کی گئی؟۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کو خود اپنے لئے احتسابی طریقہ کاربنانا چاہیے، پارلیمنٹ اس مقصد کے لئے خصوصی کمیٹی بھی بناسکتی ہے،درخواست گزار کی جماعت ابھی اقتدارمیں ہے وہ خود اس مسئلہ کو دیکھ سکتے ہیں، پارلیمنٹ اور سٹینڈنگ کمیٹی کی فائنڈنگز کے بعد کورٹ میں آئیں۔ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو پڑھیں، عدالت عظمی نے تمام فورمز کے بعد کیس سنا، کیا آپ نے دیگر فورمز کواستعمال کیا؟، پانامہ فیصلے میں سپریم کورٹ نے جو طریقہ طے کیا اس کے مطابق مطمئن کریں۔درخواست گزار پہلے اس پر مطمئن کریں ایم این اے کی نا اہلی کیلئے کسی اور فورم پر معاملہ زیر التواء نہیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا، کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں بعد ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن