اسد عمر نے دشمن کو خوش کیا، استعفیٰ دیں، سعد رفیق: ڈار کٹہرے میں آئیں: حماد اظہر
لاہور، اسلام آباد (اپنے نامہ نگاروں سے+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن نے اسد عمر اور تحریک انصاف نے اسحاق ڈار پر تنقید شروع کر دی دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر معیشت خراب کرنے کے الزامات لگانے لگیں۔ وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈار کو معیشت تباہ کرنے کا ٹھیکہ دیں ڈار پاکستان آکر کٹہرے میں کھڑے ہوں حماد اظہر نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کے قوانین بنا دیئے،جائیداد کے رجسٹریشن کو مارکیٹ ریٹ کے برابر لاکر ٹیکس ریٹ کم کریں گے۔ایف بی آر میں آڈٹ کیلئے کمپیوٹررائزڈ بیلیٹنگ کی تقریب میں وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر چیئرمین ایف بی آر محمد جہانگیر خان چیمبرز ٹیکس بار اور ایف بی آر کے حکام شریک ہوئے ۔حماد اظہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آڈٹ کیسز کی سلیکشن کی جارہی ہے ،تعداد کی بجائے معیار پر فوکس ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلاوجہ کاروباروں کو تنگ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ مالی سال 2017 میں 45 ہزار کیسز کی جگہ 14 ہزار کیسز کا چناؤ کیا جائیگا ۔ رئیل اسٹیٹ میں جائیداد کے نئے ٹیکس ریٹ مقرر کر دیئے۔ انہوںنے کہاکہ جائیداد کے رجسٹریشن کو مارکیٹ ریٹ کے برابر لاکر ٹیکس ریٹ کم کریں گے۔ حماد اظہر نے ایف بی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہم ایک ویب سائٹ کا آغاز رہے ہیں جس کے اندر مستقبل میں ٹیکس ادا کرنے والوں کیلئے ایک پورٹل بنائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم ایسا آن لائن سسٹم بنا رہے ہیںکہ صارف کو دفاتر ہی نہیں آنا پڑے گا اور گھر بیٹھے کوئی بھی درخواست دے سکے گا ۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلائوں گا یہ ہر پاکستانی کو رلا رہے ہیں، لاہور نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے آہوں اور سسکیوں کے سوا کچھ نہیں ،اسد عمر نے ملک کے دیوالیہ ہونے کا بیان دیکر دشمن قوتوں کو خوش کیا ، غیر ذمہ دارانہ بیان پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خود کہہ رہی ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے، حکومت نااہلوں کے ہاتھوں میں ہے اور وہ ملک نہیں چلا سکتے، پاکستان نہ پہلے دیوالیہ ہوا ہے نہ اب دیوالیہ ہوگا، موجودہ حکومت مہنگائی کرکے غریب عوام کی چیخیں نکلوا رہی ہے، پاکستان کی باگ ڈور نااہل افراد کے ہاتھ میں آگئی ہے جو لے کر آئے وہ بھی پچھتا رہے ہیں، پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے، وزیر خزانہ کی پارلیمنٹ میں جواب طلبی ہونی چاہیے کہ کس کو خوش کرنے کیلئے بیان دیا، وزیر خزانہ کے بیان کے بعد کیا کوئی اس ملک میں پیسہ انویسٹ کرے گا۔