پنجاب گیمز: کروڑوں کا بجٹ، ناقص انتظامات، کھلاڑی ننگے پاؤں ریس لگانے پر مجبور
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 72ویں پنجاب گیمز کے لیے حکومت نے کروڑوں روپے کا بجٹ رکھا ہے مگر کھلاڑیوں کے لئے ناقص انتظامات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔اتھلیٹس ننگے پائوں ریس لگانے پر مجبور ہیں۔گیمز میں کھلاڑیوں کیلئے رہائش اور خوراک کے نامناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ پنجاب گیمز میں شامل 15 اتھلیٹس کو ایک کمرے میں سلایا جارہا ہے۔انہوں نے شکوہ کیا ہے کہ وہ فرش پر سو رہے ہیں، پنکھا کبھی چلتا ہے کبھی نہیں۔ایک کھلاڑی نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کی رات بدبودار کھانا دیا گیا، صبح بخار میں مقابلہ کھیلنے آیا۔کھلاڑیوں نے کہا وہ تین دن سے آئے ہوئے ہیں، اب تک صرف ایک دن کے 550 روپے ملے ہیں۔ نہ کٹ دی گئی ہے نہ بھاگنے کیلئے جوتے، ننگے پاؤں دوڑ لگانے پر مجبور ہیں۔کھلاڑیوںنے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف کرکٹ ہی نہیں دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دی جائے۔پنجاب گیمز میں شامل کھلاڑیوں کے مطابق ناقص کھانے کے سبب کئی اتھلیٹس بیمار پڑ چکے ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز کے انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں جہاں کوئی خامی ہوگی اسے جلد دور کرلیا جائے گا، کھلاڑیوں کو بہترین خوراک اور قیام کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے باکسنگ، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہاکی کے مقابلوں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے ٹرانسپورٹ سے لیکر قیام و طعام تک بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اگر کہیں کوئی معاملہ سامنے آیا تو اسے جلد دور کرلیا جائے گا۔